186

شام نے اسرائیلی ایف 16 طیارہ مار گرایا


دمشق۔اسرائیل نے کہا ہے کہ اس کا ایک جنگی طیارہ شامی توپوں کے فائر کے دوران اس کی سرحدوں کے اندر مار گرایا گیا ہے۔طیارے کے دونوں ہواباز طیارے سے نکلنے میں کامیاب ہو گئے اور اب ان کا ہسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔اسرائیل نے کہا ہے کہ اس کا ایف 16 طیارہ شام کے اندر اس ایرانی ہدف کو نشانہ بنا رہا تھا جہاں سے اسرائیلی سرزمین کے اندر ایک ڈرون چھوڑا گیا تھا۔

اس ڈرون کو مار گرایا گیا تھا۔شمالی اسرائیل کے شہروں میں خطرے کے سائرن بجائے گئے ہیں۔ سرحدی علاقے کے اسرائیلی شہریوں نے کئی دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاعات دی ہیں۔

اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک جنگی ہیلی کاپٹر نے ایک ایرانی ڈرون کو نشانہ بنایا جسے شام سے چھوڑا گیا تھا اور وہ اسرائیلی حدود میں داخل ہو گیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس ڈرون کو جلد ہی شناخت کر لیا گیا اور اس کے جواب میں اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے شام کے اندر ایرانی اہداف کو نشانہ بنایا۔