71

آئی سی سی رینکنگ جاری، بابر اعظم کی رینکنگ میں تنزلی

 آئی سی سی  کی جانب سے جاری  ٹیسٹ رینکنگ میں  پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک درجے تنزلی کے بعد  5 ویں نمبر پر چلے گئے جب کہ ٹاپ رینکنگ پر بھی آسٹریلوی بیٹرز  براجمان ہیں۔

 رپورٹ کے مطابق  آئی سی سی کی جانب سے  ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی  پلیئرز کی رینکنگ جاری کردی گئی ہے  جس کےمطابق ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں آسٹریلیا کے مارنس لبوشین کی پہلی پوزیشن برقرار ہے جب کہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ ایک درجے ترقی کے بعد دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ٹیسٹ پلیئر رینکنگ میں آسٹریلیا کے ٹریوس ہیڈ کی رینکنگ میں تین درجے بہتری  ہوئی ہے ورلڈٹیسٹ چیمپئن شپ کے مین آف دی میچ ٹریوس ہیڈ  تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن دو درجے تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر چلے گئے ،ٹیسٹ رینکنگ میں بابراعظم ایک درجے تنزلی کے بعد پانچویں اور انگلینڈ کے جوروٹ چھٹے نمبر پر چلے گئے ہیں۔ ٹیسٹ باؤلرز میں بھارت کے روی چندرن ایشون کی پہلی پوزیشن برقرار ہے، انگلینڈ کے اولی رابنسن ایک درجے ترقی کے بعد چھٹے نمبرآگئے ہیں۔   آسٹریلیا کے نیتھن لیون کی ایک درجے ترقی کے بعد ساتویں پوزیشن ہے۔ ٹیسٹ آل راؤنڈرز میں بھارت کے رویندرا جڈیجا کی پہلی اور  ٹی ٹوئنٹی بیٹرز میں بھارت کے سوریا کمار یادیو کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔

ٹی ٹوئنٹی بیٹرز رینکنگ میں پاکستان کے محمد رضوان دوسرے اور  کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ٹی ٹوئنٹی بولرز میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر جبکہ ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز میں بنگلادیش کے شکیب الحسن کا پہلا نمبر موجود ہے۔