42

بابراعظم نے 100 ون ڈے میچز کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا

کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم 100 واں ون ڈے کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے، اَن گنت ریکارڈز کے حامل بابر کو یہ سنگ میل حاصل کرنے کیلئے 8 سال کا وقت لگا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انکی خدمات کے اطراف میں بابراعظم کو میچ سے قبل 100 میچز مکمل ہونے پر انہیں یادگاری ٹی شرٹ بھی دی۔

ون ڈے انٹرنیشنل میں بابراعظم کی اوسط 59.85 ہے، 47 ٹیسٹ میں ان کی اوسط 48.63 جبکہ 104 ٹی20 میچز میں اوسط 41.48 ہے، مجموعی طور پر بابراعظم 30 انٹرنیشنل سینچریز اسکور کرچکے ہیں۔ ان میں 18 ون ڈے انٹرنیشنل ،9 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹونٹی کی سینچریز شامل ہیں۔

اپنے کیریئر کے ابتدائی 99 ون ڈے میچز میں زیادہ رنز اسکور کرنے والے بیٹرز کی فہرست میں ہاشم آملا 4798 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، انھوں نے 96 اننگز میں یہ اسکور 53.91 کی ایوریج سے بنایا، اس دوران انھوں نے صرف 16 سنچریاں بنائیں، تیسرے نمبر پر شیکھردھون 45.62 کی اوسط سے 4200 رنز بناکر موجود ہیں، ان کی سنچریوں کی تعداد اس دوران 12 تھی۔

شائی ہوپ نے 13 سنچریوں کی مدد سے 49.91 کی اوسط سے 4193 رنز بنائے، کوئنٹین ڈی کک نے 44.31 کی ایوریج کے ساتھ 4166 رنز اسکور کیے، انھوں نے بھی اس دوران 13 سنچریاں جڑیں، جو روٹ نے 51.71 کی اوسط اور 10 سنچریوں کی مدد سے 4137 رنز بنائے، ویوین رچرڈز نے 54.96 کی اوسط سے اپنے ابتدائی 99 ون ڈے میچز میں 4122 رنز 8 سنچریوں کی مدد سے بنائے تھے۔

ڈیوڈ وارنر نے 44.01 کی اوسط سے 4093 رنز اسکور کیے، انھوں نے 13 سنچریاں جڑیں، ویراٹ کوہلی نے 49.31 کی اوسط اور 13 سنچریوں کی مدد سے 4085 رنز بنائے، اس فہرست میں دسویں نمبر پر گورڈن گرینج ہیں جنھوں نے 45.78 کی ایوریج اور 9 سنچریوں کی مدد سے 4075 رنز اسکور کیے تھے۔