35

ثقلین مشتاق کی موجودگی ہمارے لیے فائدہ مند ہے، ہم انہیں پیار سے’’گرو‘‘ کہتے ہیں

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اسپنر ایش سودھی کا کہنا ہے کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی کپ کے لیے تیاریوں میں مدد مل رہی ہے۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایش سودھی نے کہا کہ دورہ پاکستان کیلئے ہماری بی ٹیم گرین شرٹس کے مدمقابل ہے، جیسے تجربہ نہیں! چند کھلاڑی تجربہ کار ہیں جبکہ بیشتر کھلاڑی غیر تجربہ کار، ون ڈے کرکٹ میں ٹمپرامنٹ کی بہت ضرورت ہوتی ہے۔

ایش سودھی نے ثقلین مشتاق سے متعلق سوال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ثقلین مشتاق کی موجودگی ہمارے لیے فائدہ مند ثابت ہورہی ہے، انہیں پیار سے ’’گرو‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے گزشتہ دونوں میچز میں فخر زمان نے بہت ہی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کیا۔ اسپنر نے کہا کہ ہماری ٹیم ولیمسن کو کمی کو ضرور محسوس کررہی ہے، وہ دنیا کے بہترین پلیئرز میں سے ایک ہیں۔

ایش سودھی نے کہا کہ انڈین پریمئیر لیگ (آئی پی ایل) میں شریک ہمارے کھلاڑیوں کو عالمی کپ کے لیے تیاریوں میں مدد مل رہی ہے تاکہ ورلڈکپ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرسکیں۔