186

پاک چین ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط

بیجنگ ۔ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، دونوں کے درمیان ثقافتی تعاون پر مبنی معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات مضبوط ہونگے، دونوں ملکوں کے ورثے کو ترویج حاصل ہو گی،اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا،وزارت اطلاعات پاکستان چین ثقافتی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، جبکہ چینی وزیرثقافت لوشوگانگ نے کہا کہ سی پیک دونوں ملکوں کی ثقافتوں کے تبادلے کا منصوبہ ہے ۔

گزشتہ ایک سال کے دوران باہمی ثقافت کے 38پروگرام ہوئے، پاکستان میں آثار قدیمہ اورتاریخی وثقافتی ورثے کے تحفظ کیلئے مرکزکے قیام کی تجویزثقافتی اورتاریخی مرکز میں پیشہ وروں کوتربیت بھی دیں گے۔ منگل کو پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی معاہدے کے ایگزیکٹو پروگرام پر دستخط ہو گئے ہیں ،وزیرمملکت مریم اورنگزیب اور وزیر ثقافت چین لو شوگانگ نے معاہدے پر دستخط کیے، چین میں پاکستانی سفیر اور دونوں ملکوں کے اعلی حکام اس موقع پر موجود تھے۔

بعد ازاں وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے چین کے وزیر ثقافت لو شوگانگ سے ملاقات کی جس میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پا کستان اور چین کے درمیان ثقافتی تعاون پر مبنی معاہدے سے دونوں ممالک کے مابین ثقافتی تعلقات مضبوط ہونگے اور عوامی رابطوں کو فروغ حاصل ہو گا پاکستان اور چین اسٹریٹجک شراکت دار ہیں ،پاکستان چین تعلقات اوردوستی پہاڑوں سے اونچی اور سمندروں سے زیادہ گہری ہے۔

دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور احترام پر مبنی ہیں،اقتصادی راہداری منصوبہ دونوں ملکوں کے تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔وزیرمملکت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے عوام ثقافتی تعلقات میں مزید اضافہ کے خواہاں ہیں، صدر شی جن پنگ کا ون بیلٹ ون روڈ کا منصوبہ علاقائی اور عالمی ترقی کیلئے سنگ میل ہے،معاہدے پر دستخط سے دونوں ملکوں پر عمل درآمد کے حوالے سے مزید ذمہ داری عائد ہوگئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی، معاشی تعاون ، بنیادی ڈھانچے اورعوامی رابطوں سے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مضبوط ہونگے اور دونوں ملکوں کے ورثے کو ترویج حاصل ہو گی،پاکستان چین تعلقات کاہماری ثقافت سے گہرا تعلق ہے،وزارت اطلاعات پاکستان چین ثقافتی تعلقات مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ سال سی پیک ثقافتی کارروان کاصوبے ژان جیانگ سے گوادرتک انعقاد کیاگیا،چین کے ثقافتی طائفوں نے کارروا ن میں بھرپورشرکت کی۔

یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی روابط اور تعلقات کے حوالے سے سنگ میل ہوگا، انہوں نے کہا چین معاشی اعتبار سے دنیاکامرکزبنتاجا رہاہے، بہت جلد چین عالمی معیشت میں پہلا مقام حاصل کرلے گا،توانائی اوربنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبے توجہ کامرکز ہیں،پاکستانی میڈیانے سی پیک کی آگاہی میں اہم کرداراداکیا،گوادرسرمایہ کاری ایکسپومیں 5ہزار سے زائدتاجرشریک ہوئے۔

انہوں نے کہا گوادرایکسپوکوپاکستان کے تمام نیوزچینلز نے براہ راست دکھایا۔وزیرمملکت نے کہا چین کاموسم بہارکافیسٹول پاکستان میں جوش و جذبے سے منایاگیا، ملک بھرکے سکولوں میں ثقافتی سرگرمیوں کاانعقاد کیاگیا۔مریم اورنگزیب اور لوشو گانگ کے درمیان ملاقات میں پاک چین قومی ثقافتی سینٹر کے قیام کے حوالے سے مستقبل کا پلان ،ثقافتی فلم اکیڈمی اور پاک چین ثقافتی سسٹر کالج کے قیام پر بھی گفتگو ہوئی بین الاقوامی ثقافتی سی پیک کانفرنس کے انعقاد کی تجویز اور چینی سینما گھروں میں پاکستانی فلموں کی نمائش کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔

مریم اورنگزیب نے سی پیک روٹ پرایف ایم ریڈیوکے قیام کی تجویزدی جس پر چین کے وزیرثقافت لوشوگانگ نے کہا کہ مریم اورنگزیب کی تصویری نمائش اورطلباکویونیورسٹی میں سکالرشپس کی بھی تجویزدونوں ملکوں میں خصوصی اوردوستانہ تعلقات ہیں، سی پیک دونوں ملکوں کی ثقافتوں کے تبادلے کابھی منصوبہ ہے ۔