64

کراچی کنگز کے کپتان محمد عامر کی حمایت میں سامنے آگئے

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم فاسٹ بولر محمد عامر کی حمایت میں سامنے آگئے۔

گزشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 6 رنز سے شکست کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم نے کہا کہ فاسٹ بالرز کا رویہ جارحانہ ہی ہونا چاہیئے، مجھے نہیں لگتا کہ عامر نے جان بوجھ کر کچھ ایسا کیا، بابراعظم کی طرف گیند پھینکنا ہیٹ آف دی مومنٹ کا نتیجہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ میچ آفیشلز کو کوئی مسئلہ نہیں تھا تو مجھے بھی کوئی ایشو نہیں!، بطور کپتان، میں بالکل دباؤ میں نہیں البتہ یہ یقین دلانا چاہتا ہوں کہ جب تک ہم ٹورنامنٹ سے باہر نہیں ہوجاتے ہار نہیں مانیں گے۔

عماد وسیم نے کہا کہ مسلسل شکستوں کی وجہ سے ہماری توجہ نتائج پر مرکوز ہے، ہمارے بالرز اننگز کے آخری اوورز میں بہت رنز دے رہے ہیں جس کے باعث ہمیں مشکلا ہورہی ہیں۔

میڈیا نے عماد سے پوچھا کہ کیا انکی ٹیم زلمی کے خلاف شکست سے پریشان ہوگئی ہے؟ جس پر کنگز کے کپتان نے بات کرنے سے انکار کردیا۔

قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چیف سیلکٹر شاہد آفریدی نے میدان پر بابراعظم سے خراب رویے پر فاسٹ بولر محمد عامر کو ڈانٹا تھا اور کہا تھا کہ کیا یہ کوئی طریقہ ہے! جس قسم رویہ آپ اختیار کررہے ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپکو عزت دی، دوسرا موقع دیا، جہاں تک بابر کا تعلق ہے اگر آپ کو قومی ٹیم میں واپس آنا ہے تو پھر ان کی قیادت میں کھیلنا ہوگا۔ ایسی حرکتوں سے کیا آپ نظریں ملا سکیں گے۔

شاہد آفریدی نے بتایا کہ جواب میں عامر نے معذرت کرنے کے ساتھ سمجھانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔