39

متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ

مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، کپڑے و برتن دھونے کا سرف اور صابن سمیت مشروبات، ٹوتھ پیسٹ اور شو پالش کی قیمتیں بڑھا دی گئیں۔

ملک بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے، اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحے، نمک، اچار، شو پالش، کپڑے و برتن دھونے کا سرف اور صابن، مشروبات، ٹوتھ پیسٹ اور کسٹرڈ کی قیمتوں میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 20 روپے، ٹوائلٹ کلینر کی قیمت میں17 روپے، جوتوں کی پالش 35 اور کیچپ 30 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ دودھ کا ڈبہ 40 روپے، نوڈلز کی قیمت میں 35 روپے، مشروبات 60 روپے اور بادام کے آئل کی قیمت 20 روپے تک بڑھ گئی ہے، جب کہ میکرونی 45 اور چلی گارلگ سارس 40 روپے تک مہنگا کردیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق بریانی مصالحہ 10 روپے، اچار کی قیمت میں 87 روپے، نمک 20 روپے اور نمکو کی قیمت میں 5 روپے تک کا اضافہ کیا گیا ہے، جب کہ فروٹ جام 45 روپے، کریم 40 روپے اور باڈی لوشن 80 روپے تک مہنگا کیا گیا ہے۔