83

برآمدی شعبے کیلیے بجلی کا نرخ 20 روپے فی یونٹ مقرر کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد: حکومت نے ملک میں برآمدی شعبے کے لیے بجلی کا نرخ 20 روپے فی یونٹ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی آج وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات ہوئی جس میں اپٹما وفد کی سربراہی پیٹرن انچیف گوہر اعجاز نے کی۔ ملاقات میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے معاملات طے پائے گئے، ٹیکسٹائل سیکٹر کے لیے بجلی کے نرخ فکسڈ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ آج ایکسپورٹرز سے بات چیت ہوئی ہے، چند ماہ پہلے وعدہ کیا گیا تھا کہ 9 سینٹ پر بجلی فراہم کی جائے گی اور ایکسپورٹرز کو دو ماہ تک 9 سینٹ پر بجلی فراہم بھی کی گئی۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ ایکسپورٹرز نے کہا کہ جولائی 2023 تک بجلی 9 سینٹ فی یونٹ پر بجلی فراہم کی جائے، لہٰذا اب ٹیکسٹائل سیکٹر کے ساتھ بجلی کا نرخ 19 روپے 99 پیسے فی یونٹ طے ہوا ہے جس کا فرق حکومت برداشت کرے گی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 90 سے 100 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی، اگر برآمدات 15 سے 20 ارب ڈالرز بڑھ جائیں تو کسی کی ضرورت نہیں۔