29

’بابر نے کیچ نہیں پاکستانیوں کا دل چھوڑا تھا‘، غیر ملکی مداح لڑکی برہم

انگلینڈ سے ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں شکست کے بعد جہاں شاہین تاریخی سیریز ہارے وہیں بیرون ملک بیٹھے پاکستانی ٹیم کے مداح بھی اس شکست سے مایوس ہوگئے۔

سوشل میڈیا پر بیرون ملک موجود پاکستانی ٹیم کی ایک ایسی ہی فین کی ویڈیو وائرل ہے جس میں مداح لڑکی کو برٹش دوستوں کے درمیان میچ میں شکست پر شرمندہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مداح لڑکی کا کہنا تھا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ ایسی شکست کے بعد ہم اوورسیز پاکستانی کس طرح جیئیں گے؟دنیا ہم پر ہنس رہی ہے لیکن آپ کو احساس ہی نہیں۔

لڑکی نے بابر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بابر آپ نےکیچ ڈراپ نہیں کیا تھا پاکستانیوں کا دل ڈراپ کیا تھا لیکن اس کے ذمہ دار آپ سے زیادہ رمیزراجہ ہیں، ان کی مینجمنٹ کیسی ہے جو کہتے ہیں کہ ٹیم پر ہلکا ہاتھ رکھیں،ٹیم دنیا کی بہترین ٹیم تو  نہیں، ٹیم کو بہترین بنایا جائے نا۔

’نیٹ پر 150 چھکوں کے بعد میچ میں نہ لگیں تو قدرت کا نظام ہے‘

مداح نے ٹیم سلیکٹر پر بھی  تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کون سے بیوقوف سلیکٹرز ہیں جنہوں نے شاہنواز دھانی کو آرام کروا کر ہمارا آرام چھین لیا، میچ ہی فائنل تھا اس میں کیسا آرام؟ اس کے بعد تو آرام ہی آرام ہے۔

 لڑکی کا مزید کہنا تھا کہ   آپ کو اندازہ ہے اس شکست پر ہم انگلینڈ میں کیا منہ لے کر جائیں گے؟ اس سے ہمارے ملک کی بے عزتی ہوئی ہے، ہم پوری دنیا میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے، ہمارے جذبات ، دل سب کا خون ہورہا ہے لیکن کسی کو کوئی احساس نہیں، ہماری فیلڈنگ مڈل آرڈر اتنا برا، پاکستانی ٹیم مینجمنٹ کو اس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔