36

نیشنل ٹی20 کپ؛ سندھ کے آصف محمود نے اسٹمپ کے دو ٹکڑے کردیئے

نیشنل ٹی20 کپ کے فائنل میں سندھ کے فاسٹ بولر آصف محمود نے اسٹمپ کے دو ٹکڑے کردیئے۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل ٹی20 کپ کے فائنل میں آصف محمود کے یارکر خیبر پختون خوا کے بیٹر عمران جونئیر کو کلین بولڈ کیا تو اسٹمپ کے دو ٹکڑے ہوگئے، واقعہ کے پی کی بیٹنگ کے دوران آخری اوور میں پیش آیا۔

آصف محمود کی اس شاندار گیند کی ویڈیو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی۔

واضح رہے کہ فائنل میں خیبر پختونخوا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 ویں اوور میں 140 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی،جبکہ سندھ کی جانب سے سہیل خان نے 4، آصف محمود اور میر حمزہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی تھی۔

خیبر پختونخوا کے 141 رنز کے ہدف کے تعاقب میں شرجیل خان کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت سندھ نے ہدف 15 ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا، شرجیل خان نے 36 گیندوں پر 53 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔