21

ہماری اوپننگ جوڑی بہترین ہے، ناکامی پر ان پر سوال نہیں اٹھانا چاہیے : محمد وسیم

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہےکہ ایک دو میچز کی کارکردگی کو دیکھ کرکہا جارہا ہےکہ ہمارا پلان اچھا نہیں، ہماری کامیابی کا راز ٹاپ آرڈر رہا ہے، اب ناکامی پر ان پر سوال نہیں اٹھانا چاہیے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے محمد وسیم نے انگلینڈ کے خلاف سیریز اور  ورلڈکپ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان

اس موقع پر محمد وسیم کا کہنا تھا کہ ہم نے تسلسل کے ساتھ کھلاڑیوں کو موقع دیا، ہماری ایسی سوچ نہیں تھی کہ آخری موقع پر کسی کو لے آئیں، ہماری اوپننگ جوڑی دنیا کی بہترین ہے اور  وہ مزید بہتر ہوں گے۔

محمد وسیم کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی جلد بولنگ شروع کر دیں گے، شاہین آفریدی ورلڈکپ میں ٹیم کے ساتھ ہوں گے، فخرزمان گھٹنے میں تکلیف کے باعث انگلینڈ سیریز کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈنگ کی وجہ سے ہمیں کامیابیاں ملی ہیں، عاقب جاوید ہمارے سینیئر ہیں ہم نے ان سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انگلینڈکےخلاف میچز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریوں کا حصہ ہیں، آل راؤنڈر عامرجمال اور اسپنر ابرار احمدکو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریزکے لیے شامل کیا گیا ہے۔

اوپننگ بلے باز شان مسعودکی ورلڈکپ اسکواڈ میں شمولیت پر ان کا کہنا تھا کہ شان مسعودکافی میچور ہیں اور عرصے سےکھیل رہے ہیں، شان مسعود پر پہلی بار کھیلنے کا دباؤ نہیں ہوگا۔