45

سری لنکا کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

دبئی: ایشیا کپ سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں سری لنکن کپتان دسون شانکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے آج کے میچ میں دو تبدیلیاں کیں ہیں، آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ بولر نسیم شاہ کو آرام دیا گیا ہے جبکہ حسن علی اور لیگ اسپنر عثمان قادر کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ شاداب خان فائنل سے قبل انجری سے نجات پالیں گے جبکہ نسیم شاہ کو آرام کی غرض سے بٹھایا گیا ہے۔

سری لنکا نے بھی آج کے میچ کے لئے دو تبدیلیاں کیں ہیں،چارتھ اسالنکا کی جگہ دھننجایا ڈی سلوا جبکہ آسیتھا فرنینڈو کی جگہ پرمود مدھوسن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہے، ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کا فائنل اتوار کو انہی دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے سپر فور مرحلے کے دونوں میچ اپنے نام کرتے ہوئے ایشیا کپ فائنل کے لئے کوالیفائی کیا، سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کو پانچ وکٹوں سے ہرایا تھا جبکہ دوسرے میچ میں افغان ٹیم کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے ہرایا۔