33

پاکستان اور افغانستان کے درمیان جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، شاہد آفریدی

کراچی: سابق ٹیسٹ کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان جو کچھ ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کو سپورٹ کیا۔

کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کھیل میں کبھی کبھی ماحول ایسا ہو جاتا ہے لیکن یہ سب کچھ نہیں ہونا چاہیے، کرکٹ اور دیگر کھیل لوگوں کو جوڑتے ہیں۔

سینیئر بیٹر محمد رضوان سے متعلق سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ اوپنر اگر سمجھتا ہے کہ وہ کھیل سکتا ہے تو اسے کھیلنا چاہیے، تاہم اگر رضوان کی انجری اس کو تنگ کر رہی ہے تو اسے آرام کروانا چاہیے۔

مسلسل خراب کارکردگی کے شکار قومی کپتان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کو کسی دباؤ میں نہیں آنا چاہیے، بابراعظم ہمارا سب سے بہترین کھلاڑی ہے، سری لنکا کے خلاف فائنل کے لیے پاکستان فیورٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ایک محب وطن پاکستانی سے پوچھ رہے ہیں کہ فائنل کون جیتے گا، میری نیک تمنائیں پاکستان ٹیم کے ساتھ ہیں، بابر اعظم ورلڈ کلاس پلئیر ہے اور میری آج بابر سے بات ہوئی، میں نے اسے حوصلہ دیا ہے۔

سابق کپتان نے کہاکہ قدرتی آفات کے سبب اس وقت پاکستان پر مشکل وقت ہے، سیلاب متاثرین کو ہماری مدد کی ضرورت ہے، شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اس وقت بھی سیلاب متاثرین کے لیے کام کر رہی ہے، اس مشکل کے وقت میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ میمن لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، میمن لیگ کی انتظامیہ انڈر 19 اور انڈر16 بچوں کو بھی موقع دے، میمن کمیونٹی فلاحی کاموں میں بہت آگے رہتی ہے۔