27

رواں مالی سال برآمدات کا ہدف حاصل نہ ہونےکا خدشہ :وزارت خزانہ

وزارت خزانہ نے  رواں مالی سال برآمدات کا ہدف حاصل نہ ہونےکا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

وزارت خزانہ کے  ذرائع کے مطابق سیلاب کے باعث پھلوں، سبزیوں،  تمباکو، سیمنٹ، لیدر  اور لیدر مصنوعات کی برآمدات میں کمی ہوگئی ہے چنانچہ رواں مالی سال برآمدات کا ہدف حاصل نہ ہونے کا خدشہ ہے۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ اہم پیداواری شعبوں کی پروڈکشن میں کمی کے باعث برآمدات میں کمی ہو سکتی ہے جبکہ رواں مالی سال گندم، دالیں،  چینی،  کنسٹرکشن مشینری اور ادویات کی درآمدات میں اضافہ ہوگا۔

ذرائع کے مطابق  برآمدات میں کمی اور درآمدات میں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ بھی بڑھنے کا امکان ہے، اس صورتحال میں  تجارتی خسارہ 3 ارب ڈالر تک بڑھ سکتا ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع  کے  مطابق برآمدات کا ہدف حاصل کرنے کے لیے برآمدی شعبے  کے حوالے سے  حکومتی سطح  پر اقدامات کی ضرورت ہے،  یورپی  یونین اور امریکا میں  برآمدات  کے لیے  نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کی جائےگی ۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ  رواں مالی سال بجٹ کے دوران برآمدات کا ہدف 35 ارب ڈالر تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔