دنیا بھر میں کشمیری آج بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر پر بھارت کےغاصبانہ قبضے کے خلاف کنٹرول لائن کے اطراف اور دنیا بھر میں کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔
یوم سیاہ کی کال حریت رہنماؤں سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے دی جس پر مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔
مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ نے یوم جمہوریہ سے پہلے ہی وادی بھر میں بھارتی فوج اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے۔
کشمیری شہریوں کا احتجاج روکنے کے لیے جگہ جگہ رکاوٹیں لگادی گئی ہیں جس کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے، تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں یوم جمہوریہ منانے کا کوئی حق نہیں ہے جب کہ یوم سیاہ منانے کامقصد دنیا کو یہ باور کرانا ہے کہ بھارت نے طاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کا حق خودارادیت غصب کر رکھا ہے۔