31

عالمی مارکیٹ میں اضافے کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمت میں بڑی کمی

 کراچی: بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں اضافے کے باوجود پاکستان میں سونے کے نرخ میں کمی ریکارڈ کی گئی۔

کاروباری ہفتے کے تیسرے یعنی بدھ کے روز بلین مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران سونے کی قیمت  4 ڈالر کے اضافے سے 1795 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچی اُس کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر میں کمی برقرار رہنے کے سبب  فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 1400 روپے اور 1200 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

حالیہ کمی کے بعد کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 141700 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر 121485روپے کی سطح پر آگئی۔

دوسری جانب  فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 20 روپے گھٹ کر 1560روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 17.16روپے گھٹ کر 1337.44روپے کی سطح پر آگئی۔