50

10 ہزار دیہی گھروں کو شمسی توانائی کے منصوبے کا آغاز

کراچی: صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سولر انرجی توانائی کے حصول کا سستا ترین ذریعہ ہے، پاکستان میں مقامی سطح پر سولر پینل تیار کرنے کا سلسلہ شروع ہونا چاہیے، پاکستان دنیا کا پانچواں بڑا ملک ہے ہمیں اپنے بچوں کو عالمی حدت کے خطرات کے حوالے سے آگاہ کرنا ہوگا۔

ڈاکٹر عارف علوی معروف ادویہ ساز ادارے ہلٹن فارما کے تحت ملک بھر میں دس ہزار دیہی گھرانوں کو مفت شمسی توانائی فراہم کرنے کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ ہلٹن فارما نے ملک بھر میں دس ہزار دیہی گھرانوں کو شمسی توانائی کی مفت سہولت فراہم کرنے کا منصوبہ شروع کیا ہے جس کا عنوان ’ روشنی سے زندگی‘ ہے۔ ہلٹن فارما نے ’ امید، صحت اور خوشیاں‘ کے مشن کے تحت اس منصوبے کا آغاز کیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ہلٹن فارما کے منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ شمسی توانائی سے 10 ہزار گھروں کو روشن کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہیں ، یہ ایک کارخیر ہے اور اس میں دعائیں ملتی ہیں، اﷲ تعالیٰ جس کورزق کی کشادگی عطا کرتا ہے وہ اس میں سے خیرات کرتا ہے اور یہی خیرات اصل ورثہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ خیرات کرنے کے حوالے سے کراچی کا شہر پورے پاکستان میں سبقت لے جانے والا شہر ہے اور کراچی کے لوگ سب پر سبقت لے جانے والے لوگ بن گئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریاست اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری نہ کرسکی جس کی وجہ سے خلیج بڑھ گئی اور ایدھی جیسے لوگ سامنے آئے اور سیلانی جیسے ویلفیئر ٹرسٹ بنے۔

صدرمملکت نے کہا کہ پاکستانی ایک حساس قوم ہے اور اس میں بہت زیادہ جذبہ ہے، جی سولر اور گرین کریسنٹ مل کر شمسی توانائی سے روشنی پھیلا رہے ہیں، سولر انرجی توانائی کا سستا ترین ذریعہ ہے۔ انھوں نے بتایا کہ آبی ذخائر بنانا اب ماحولیات پربھی بڑا بوجھ ہے تاہم آبی ذخائر پانی ذخیرہ کرنے کیلیے بنائے جانے کا جواز موجود ہے، رن آف ریور پراجیکٹ اور ڈیم سے بجلی کا حصول ممکنات میں سے ہے۔

انھوں نے کہا کہ وہ نجی شعبے سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ملکی سطح پر سولر پینل تیار کرنے کا سلسلہ شروع کریں۔ اگر ہم اربوں روپے موبائل فونز پرخرچ کرسکتے ہیں تو اس شعبے پر کیوں نہیں۔ تقریب سے ہلٹن فارما کے چیئرمین سردار یاسین ملک نے بھی خطاب کیا۔