86

دنیا کا سب سے چھوٹا انجن تیار

ڈبلن: اگرچہ یہ آپ کی کار یا موٹرسائیکل میں نصب انجن جیسا تو نہیں لیکن طبیعیات دانوں نے دنیا کا سب سے چھوٹا انجن بنانے کا دعویٰ کیا ہے جو صرف ایک کیلشیم آئن کے برابر ہے۔

آسانی کےلیے یوں سمجھ لیجیے کہ اس انجن کی جسامت کار انجن کے دس اربویں حصے جتنی ہے جسے ڈبلن میں واقع ٹرینٹی کالج کے سائنسدانوں نے بڑی محنت سے تیار کیا ہے۔ اس کی جسامت ایک کیلشیم آئن یعنی چند ایٹموں جتنی ہے، اسی لیے اس کی اصل تصویر لینا ممکن نہیں مگر اس کا ایک خاکہ اوپر کی تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ کسی طویل سفر میں کار کا حصہ تو نہیں بن سکے گا لیکن مستقبل میں نینو ٹیکنالوجی سے بنی انتہائی مختصر مشینوں کی تیاری میں یہ ضرور مفید ثابت ہوگا۔ ایسی مشینیں جو انسانی جسم میں داخل ہوکر انتہائی حساس اور پیچیدہ امور انجام دے سکیں گی۔

اس میں کیلشیم آئن پر ایک برقی چارج موجود ہے جو اسے گول دائرے میں گھماتا ہے۔ اس طرح اینگیولر مومینٹم پیدا ہوتا ہے جو لیزر شعاع کی حرارت کو تھرتھراہٹ میں تبدیل کرتا ہے۔ اس طرح ارتعاشات اسے فلائی ویل بناتے ہیں یعنی گردشی توانائی جمع رکھنے کا ایک کام کرتا ہے۔

اس طرح یہ پہیہ نما انجن ایٹمی پیمانے کی کسی موٹر کی افادیت بھی ناپ سکتا ہے اور اسے بہت سارے سنجیدہ کاموں میں بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔