304

طویل عرصے بعد آخری بار ’ریمبو‘ کی واپسی

طویل انتظار اور ایک دہائی سے زائد انتظار کے بعد باالآخر ہولی وڈ کی آنے والی ایکشن فلم ’ریمبو: لاسٹ بلڈ‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

طویل عرصے بعد سامنے آنے والے ’ریمبوسیریز‘ کی نئی فلم کے ٹریلر کے ساتھ ہی یہ چہ مگوئیاں ہوگئیں ہیں کہ ممکنہ طور یہ اس کامیاب فلم سیریز کی آخری فلم ہوگی۔

’ریمبو: لاسٹ بلڈ‘ شہرہ آفاق فلم ’فرسٹ بلڈ‘ اور ’ریمبو‘ سیریز کی پانچویں فلم ہے۔

اس سیریز کی پہلی فلم ’فرسٹ بلڈ‘ کے نام سے 1982 میں ریلیز کی گئی تھی، جو باکس آفس پر بے حد مقبول ہوئی تھی۔

اس فلم کی کہانی ’فرسٹ بلڈ‘ نامی ناول سے لی گئی تھی جس میں ’جان ریمبو‘ نامی مرکزی گوریلا جنگجو کردار سب کی توجہ کا مرکز بن جاتا ہے۔

ریمبو سیریز کی پہلی فلم 1982 میں ریلیز ہوئی—اسکرین شاٹ

یہ کردار امریکی فوجی کا ہوتا ہے جو ویتنام جنگ کے دوران مظلوموں کی مدد کرتا دکھائی دیتا ہے اور اسی کردار کو فلم میں پیش کیا گیا اور ہر بار اس کردار کو نئے خطرات اور ولن سے الجھتے ہوئے دکھایا گیا۔

’فرسٹ بلڈ‘ کی کامیابی کے بعد اس سیریز کی دوسری فلم ’ریمبو: فرسٹ بلڈ پارٹ ون‘ کو 1985 میں ریلیز کیا گیا اور اس بار بھی ’ریمبو‘ کا مرکزی کردار اداکار سلویسٹر اسٹالون نے ادا کیا۔

پہلی دونوں فلموں کی کامیابی کے بعد سیریز کی تیسری فلم ’ریمبو تھری‘ کو 1988 میں ریلیز کیا گیا، جس کے بعد طویل عرصے تک اس سیریز کی فلم نہیں بنائی گئی۔

تیسری فلم کی ریلیز کے 20 سال بعد 2008 میں ’ریمبو‘ سیریز کی چوتھی فلم ریلیز کی گئی، جس نے باکس آفس پر دھوم مچادی، لیکن اس وقت تک فلم کے مرکزی اداکار سلویسٹر اسٹالون عمر رسیدہ ہوچکے تھے۔

ریمبو سیریز کی چوتھی فلم 2008 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

ریمبو سیریز کی چوتھی فلم 2008 میں ریلیز ہوئی تھی—اسکرین شاٹ

سلویسٹر اسٹالون نے بڑھتی عمر کے باعث سیریز کی مزید فلمیں لانے سے معزرت کرلی، تاہم مداحوں کی شدید خواہش کے بعد 2015 میں سیریز کی پانچویں اور ممکنہ طور پر آخری فلم کو بنانے کا اعلان کیا گیا۔

سیریز کی پانچویں فلم ’ریمبو: لاسٹ بلڈ‘ کی شوٹنگ 2018 میں شروع کی گئی اور اب اس فلم کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا، جس میں اگرچہ سلویسٹر اسٹالون پہلی فلموں کی طرح جوشیلے ہیرو نہیں دکھائی دے رہے، تاہم پھر بھی وہ جرائم پیشہ افراد کو مزا چکھاتے دکھائی دے رہے ہیں۔

تقریبا 2 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں سلویسٹر اسٹالون کو جرائم پیشہ افراد سے موت کی جنگ لڑتے دکھایا گیا ہے۔

سیریز کی پانچویں فلم کی کہانی ریمبو کے دوست کی نوجوان بیٹی کے اغوا اور اسے اغواکاروں کے چنگل سے آزاد کرانے کے لیے ریمبو کی جنگ کے گرد گھومتی ہے۔

ریمبو لاسٹ بلڈ کو رواں برس ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا—اسکرین شاٹ

ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ریمبو اپنے دوست کی بیٹی کو بازیاب کرانے کے لیے امریکا سے میکسیکو کا سفر کرتے ہیں اور وہ صحرا، جنگلات اور پہاڑوں سے ہوتے ہوئے میکسیکو پہنچتے ہیں جہاں ان کا سامنا خطرناک جرائم پیشہ افراد سے ہوتا ہے۔

ہدایت کار ایڈرین گرن برگ کی ’ریمبو: لاسٹ بلڈ‘ کی کہانی بھی خود سلویسٹر اسٹالون نے میٹ کرلنک کے ساتھ مل کر لکھی ہے۔

فلم کی کاسٹ میں سلویسٹر اسٹالون کے علاوہ اٰیڈریانا بیرازا، پاز ویگا، سرگیو پیرس اور آسکر جائنڈا سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

فلم کو رواں برس ستمبر میں ریلیز کیا جائے گا۔