104

معروف مصور جمیل نقش چل بسے

معروف مصور جمیل نقش 80 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئے۔

جمیل نقش گزشتہ کئی سالوں سے لندن میں مقیم تھے اور انہیں چند روز قبل سینٹ میری ہسپتال میں علاج کے لیے داخل کرایا گیا تھا، وہ نمونیہ کے مرض میں مبتلا تھے۔

جمیل نقش 1939 میں ہندوستان کے شہر کیرانہ میں پیدا ہوئے اور بعدازاں پاکستان منتقل ہونے کے بعد نیشنل کالج آف آرٹس میں داخلہ لیا۔

انہوں نے اپنے کام سے نام بنایا اور فن مصوری میں الگ پہچان بنائی، ان کے بنائے گئے فن پاروں سے نئی فکر، نئی سوچ اور نیا انداز نمایاں ہوتا ہے۔

جمیل نقش کو حکومت پاکستان نے 1989 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور 2009 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا۔

ان کے مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنے دکھ کا اظہار بھی کیا، جبکہ ان کی مصوری کی تصاویر شیئر کرکے خراج تحسین پیش کیا۔