68

واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 174 رنز کا ہدف

کارڈف: پاکستان نے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا ہے۔

کارڈف کے صوفیہ گارڈن میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور بابراعظم نے کیا لیکن 16 کے مجموعی اسکور پر فخر زمان آؤٹ ہو گئے جب کہ امام الحق بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دو کھلاڑیوں کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد بابراعظم اور حارث سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور وکٹ کے چاروں طرف اسٹروکس کھیلے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

حارث سہیل 50 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بابراعظم 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ عماد وسیم 18 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 2 جب کہ کرن اور کرس جارڈن نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ پاکستان کی ٹیم 4 فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے جب کہ امام الحق اور محمد حسنین ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکور بورڈ کر بڑا ٹوٹل سجانا چاہتے ہیں اس لیے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

انگلش کپتان این مورگن نے کہا کہ ہم اگر ٹاس جیت جاتے تو پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔ انہوں نے بتایا کہ انگلینڈ کی ٹیم میں تین کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کر رہے ہیں۔

ورلڈکپ سے قبل پاکستان انگلینڈ کے خلاف ایک ٹی ٹوئنٹی اور 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گا جس کے بعد قومی ٹیم وہیں قیام کرتے ہوئے ورلڈکپ ایونٹ کے میچز کھیلے گی۔

یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 کا باقاعدہ آغاز میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان 30 مئی کو افتتاحی میچ سے ہو گا اور قومی ٹیم ورلڈکپ تک لندن میں ہی قیام کرے گی۔