پاکستانی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنی کتاب ’گیم چینجر‘ میں ساتھی کھلاڑیوں سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں۔
ان کی کتاب رونمائی سے قبل ہی سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی ہے۔ کتاب میں اینکر پرسن وجاہت سعید خان نے بھی چند اقتباسات شیئر کیے ہیں۔
شاہدآفریدی نے اپنی کتاب میں وقاریونس کو اوسط درجے کا کپتان قراردیا جبکہ کوچنگ کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ وقاریونس نے کوچ بننے کے بعد ان کے کام میں مداخلت کی جس کے باعث ان کے وقاریونس سے اختلافات رہے۔آفریدی نے کتاب میں وقاریونس اور وسیم اکرم کےدرمیان چپقلش کا بھی ذکرکیا ہے۔
کتاب میں شاہد آفریدی نے جاوید میاں داد کے ساتھ اختلافات سے بھی پردہ اٹھایا اور کہا ہے کہ جاوید میاں داد انہیں پسند نہیں کرتے تھے اور ٹیسٹ میں ڈیبیو سے پہلے انہیں کوئی پریکٹس نہیں کرائی گئی۔
Shahid Afridi✔@SAfridiOfficial
Alhamdulillah, #GameChanger is already making waves. But dont go for the media hype! To appreciate what @wajskhan & I have penned in my bio, please READ THE BOOK (yet to get my 1st copy!) If I've been tough on someone, I've given them credit where its due! #TruthFirst #HopeNotOut
637 people are talking about this
بوم بوم آفریدی نے کشمیر کے حوالے سے اپنی کتاب میں کہا ہے کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کا نہیں بلکہ کشمیر کشمیریوں کا ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کو مزید کوششیں کرنی چاہئیں۔
اقتباسات پڑھنے کے بعد خبریں میڈیا کی زینت بنیں تو شاہد آفریدی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ عوام میڈیا کی تشہیر پر نہ جائیں اور کتاب پڑھیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ انہوں نے کتاب میں جسے کریڈٹ دینا تھا اسے کریڈٹ بھی دیا ہے۔
خیال رہے کہ سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کی کتاب " گیم چینجر " کی تقریب رونمائی ہفتے کو کراچی میں ہوگی۔
ان کی کتاب کے بارے میں سابق پاکستانی کھلاڑی مشتاق احمد نے بھی ٹوئٹ کیا اور عوام سے اس کتاب کو پڑھنے کی اپیل کی۔
ان کا کہنا تھا کہ شاہد آفریدی نے بہترین کام کیا ہے، انہوں نے اپنے کتاب میں کئی چھکے اور چوکے مارے ہیں اور اپنی زندگی کے بارے میں کئی حقائق بیان کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’مجھے فخر ہے کہ میں ان کے کرکٹ کے سفر کا حصہ رہا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی بہت خاص ہیں اور انہوں نے بہت بہترین کام کیا ہے اور دعا ہے کہ وہ آگے بھی اسی طرح بہترین کام کرتے رہیں گے۔