310

سارہ علی خان کی خواہش پوری ہوگئی

ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان کی کارتک آریان سے ملنے کی خواہش پوری ہوگئی۔

بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان اپنی ڈیبیو فلم سے پہلے ہی خبروں کی زینت بنی ہوئی تھیں لیکن رواں ماہ ریلیز ہونے والی ان کی ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ کی کامیابی نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا اور اب وہ انڈسٹری کے نامور ہدایت کار روہت شیٹھی کی فلم ’سمبا‘ میں دکھائی دیں گی۔

سارہ علی خان نے فلم ساز کرن جوہر کے شو ’کافی ود کرن‘ میں اداکار کارتک آریان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ کارتک سے دوستی اور رنبیر کپور سے شادی کرنا چاہیں گی۔  آخرکار فلم ’سمبا‘ کے ساتھی اداکار رنویر سنگھ نے سارہ کی یہ خواہش پوری کردی۔

ایک تقریب میں رنویر سنگھ پہلے خود کارتک آریان سے ملے اور پھر ان کا تعارف سارہ علی خان سے کروانے کے بعد اداکارہ کا ہاتھ کارتک آریان کو تھمایا اور شرارتی مسکراہٹ کے ساتھ کہا کہ آپ دونوں کے ملنے سے مجھے بے حد خوشی ہوئی، بعد ازاں کارتک نے سارہ کو گلے لگایا اور پچھلی نشست پر بیٹھ گئے۔

رنویر سنگھ نے یہی پر بس نہیں کیا بلکہ ایک اور موقع پر اداکارہ سارہ علی خان کو کارتک آریان کے پاس لے کر آئے اور ایک بار پھر سے دونوں کا تعارف کروانے کے بعد انہیں ساتھ بٹھادیا۔