143

سارہ خان کی فلم ’کیدرناتھ‘ ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار

ممبئی: سیف علی خان کی صاحبزادی سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ ریلیز سے قبل ہی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان کی ڈیبیو فلم ’کیدرناتھ‘ کا ٹیزر چند روز قبل ہی ریلیز کیا گیا تھا جو چند گھنٹوں میں اس قدر مقبول ہوا کہ 24 گھنٹوں کے اندر 38 لاکھ سے زائد افراد نے وہ ٹیزر دیکھا اور پسند کیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’کیدر ناتھ‘ کا ٹریلر ابھی ریلیز ہونا باقی ہے لیکن ٹیزر نے ہی فلم کے لیے مشکلات کھڑی کردی ہیں، ہندؤوں کے مذہبی پیشوا نے فلم پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلم میں ’لو جہاد‘ کو فروغ دے کر ہندوؤں کے جذبات کو مجروح کیا گیا ہے، کیا فلم کے ہدایت کار ہیرو کے لیے کوئی ہندو نام نہیں ملا، اور فلم میں مقدس مقامات پر رومانوی سین عکسبند کرواکر ان مقامات کی توہین کی گئی ہے۔

ابھیشیک کپور کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’کیدر ناتھ‘ میں سارہ علی خان کے مدمقابل سوشانتھ سنگھ راجپوت مرکزی کردار میں دکھائی دیں گے جب کہ فلم کی کہانی ایک انجان جوڑے کی محبت پر مبنی ہے جو صرف ایک ملاقات سے ایک دوسرے کے دیوانے ہوجاتے ہیں۔ فلم 7 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔