کراچی: معروف پاکستانی گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کے ساتھ قانونی جنگ لڑنے کیلئے مکمل تیاری کرلی۔
چند روز قبل میشا شفیع نے علی ظفر پر جنسی ہراسانی کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ علی ظفر نے انہیں ایک سے زائد بار ہراساں کیا اور غلط طریقے سے چھونے کی کوشش کی۔ وہ اب تک چپ رہیں کیونکہ انہیں اپنی اور علی کی نیک نامی کا خیال تھا لیکن اب وہ مزید چپ نہیں رہیں گی جب کہ علی ظفر نے میشا کے لگائے گئے تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے انہیں گزشتہ روز قانونی نوٹس بھجواتے ہوئے کہا تھا اگر میشا نے ان سے دو ہفتوں کے اندر معافی نہیں مانگی تو وہ انہیں 10 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھجوائیں گے۔
میشا نے معافی تو نہیں مانگی تاہم علی کے ساتھ قانونی جنگ لڑنے کی مکمل تیاری کرلی۔ گلوکارہ میشا شفیع نے علی ظفر کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجنے کے بعد قانونی مشیروں کا تقرر کردیا۔ ٹوئٹر پر میشا شفیع نے اپنے قانونی مشیروں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ہراسانی کے معاملے پر بیرسٹرمحمد احمد پنسوٹا اور خواتین کے حقوق کی وکیل نگہت داد ان کا کیس لڑیں گی۔
میشا نے اپنے ٹوئٹ میں میڈیا سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس کے حوالے سے تمام معلومات کیلئے ان دونوں سے رابطہ کریں۔