268

جیل میں قید دبنگ خان کا دال کھانے سے انکار

جودھپور۔کالے ہرن کے شکار کے الزام میں سزا پانے والے بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان نے جیل میں ملنے والی دال روٹی کھانے سے انکار کردیا،تاہم انہوں نے باہر سے بھی من پسند کھانا منگوانے کی فرمائش نہیں کی،شاید وہ اب تک بھوکے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق 20 سال پرانے کیس میں 5 سال قید کی سزا پانے والے بھارتی سپر اسٹار دبنگ خان نے گزشتہ رات مغربی بھارت کی ریاست راجستھان کی جودھ پور میں واقع جیل میں قیدی نمبر 106کے طور پرگزاری،جیل میں ان کی حفاظت کیلئے ان کے ذاتی محافظ موجود تھے۔

جمعہ کو جیل سپر انٹنڈنٹ وکرم سنگھ نے میڈیا نمائندگان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان کو سزا سنانے کے بعد عدالت سے وارڈ نمبر2میں لایا گیا جوکہ آشا رام باپوجی (آسومل سیروملانی)کے وارڈ کیساتھ واقع ہے،آشام رام باپوجی،ہندومذہبی پیشوا ہیں اور وہ ایک کمسن لڑکی سے جبری زیادتی کے کیس میں2013 سے قید ہے۔انہوں نے کہا کہ سلمان خان کو جب جیل لایا گیا تو ان کا بلڈ پریشر کچھ بڑھا ہوا تھا مگر کچھ دیر بعد چیک کیا گیا تو ان کا بی پی نارمل دیکھا گیا تاہم انہیں جیل جانے کا صدمہ ہے۔

سلمان خان کو عام قیدیوں کی طرح رکھا جائیگا،صرف وقتی طور پر ان کے کپڑے انہیں دے دیئے گئے مگر آج سے انہیں قیدیوں کا لباس ہی پہننا پڑے گا۔اس کے علاوہ ان کے سیل میں ایک سادہ لکڑی کا بستر، ایک بچھونا، چار کمبل اور ٹھنڈے پانی کا کولر مہیا کیا گیا ہے۔سلمان خان کو رات میں دال چپاتی دی گئی تھی اور صبح ان کیلئے کھچڑی بھیجی جائیگی جو انہیں جیل کے برتنوں میں ہی کھانی پڑے گی۔دوسری جانب سلمان خان کی سیکیورٹی کے حوالے سے بات کرتے جودھپور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سلمان خان کو بھارت کے سرگرم گینگسٹر کی جانب سے دھمکیوں کا سامنا ہے۔سلمان خان کو آج محفوظ مقام پر منتقل کیا جائیگا۔