6

راولپنڈی ٹیسٹ میچ: آئی سی سی نے پاکستان اور سری لنکا پر جرمانہ کر دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جرمانے عائد کردیے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے تحت سری لنکا کے 15 جبکہ پاکستان کے 5 پوائنٹس منہا کردیے گئے ہیں، جس کے بعد دونوں ٹیموں کی پوائنٹس ٹیبل پر پوزیشن بھی متاثر ہوئی ہے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں 9 سے 13 نومبر تک کھیلا جانے والا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا۔

پاکستان اور سری لنکا کے کھلاڑیوں پر جرمانے عائد

آئی سی سی کے مطابق سری لنکن ٹیم مقررہ وقت میں 15 اوورز کم کرانے کی مرتکب ہوئی، جس پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

اسی طرح پاکستانی ٹیم مقررہ وقت میں 5 اوورز کم کرانے کی مرتکب ہوئی، جس کے باعث قومی ٹیم کے کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔

آئی سی سی نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قواعد کے تحت سری لنکا کے مجموعی پوائنٹس میں سے 15 جبکہ پاکستان کے 5 پوائنٹس بھی منہا کرلیے ہیں۔

پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد سری لنکا ساتویں سے آٹھویں نمبر پر چلا گیا، جبکہ پاکستان 3.33 فیصد پوائنٹس کے ساتھ نویں پوزیشن پر موجود ہے۔

بابر اعظم اور کوشل مینڈس نے غلطی تسلیم کرلی

آئی سی سی کے مطابق پاکستان کے کپتان بابر اعظم اور سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے اپنی اپنی ٹیموں کی جانب سے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرلی، جس کے باعث کسی باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

راولپنڈی ٹیسٹ میں کیا ہوا تھا؟

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا تھا، جو بارش اور خراب روشنی کے باعث پانچ روز مکمل ہونے کے باوجود بے نتیجہ ختم ہوگیا۔

پاکستان نے پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 434 رنز بنا کر ڈیکلیئر کی تھی۔ سعود شکیل 93، محمد طیب عارف 57، عرفات منہاس 52، محمد طحہٰ 51 اور کپتان بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جواب میں سری لنکا نے 446 رنز بنائے اور 12 رنز کی برتری حاصل کی۔ مہمان ٹیم کی جانب سے دھننجایا ڈی سلوا نے 167 جبکہ کوشل مینڈس نے 119 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ دونوں بلے بازوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 249 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر ثاقب خان نے 130 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان نے دوسری اننگز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنائے، سعود شکیل 97 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ غازی غوری نے 35 اور بابر اعظم نے 34 رنز اسکور کیے۔

یوں پاکستان نے سری لنکا کو مجموعی طور پر 272 رنز کی برتری دی، تاہم وقت ختم ہونے کے باعث مہمان ٹیم کو دوسری اننگز کھیلنے کا موقع نہ مل سکا اور میچ ڈرا ہوگیا۔

پاکستان کی جانب سے ڈیبیو پر 7 وکٹیں حاصل کرنے والے ثاقب خان کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا تھا۔