3

گھر میں دل کا دورہ یا بے ہوشی کی صورت میں پہلے پانچ منٹ قیمتی: جان بچانے کے لیے فوری اقدامات

گھر میں کسی فرد کا اچانک بے ہوش ہو کر گر جانا انتہائی خوفناک اور تشویشناک صورتحال ہو سکتی ہے، تاہم ابتدائی چند منٹ متاثرہ شخص کی زندگی بچانے میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔ کارڈیک سرجن ڈاکٹر سنتوش گپتا کے مطابق دل کے خون پمپ کرنا بند کرنے سے چند ہی منٹوں میں دماغ کو آکسیجن ملنا رک جاتی ہے، اس لیے ایمبولینس کا انتظار کرنے کے بجائے قریبی افراد کو فوری طور پر بنیادی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ پہلے منٹ میں مریض کا ری ایکشن چیک کریں، کندھے کو تھپتھپا کر آواز دیں اور دیکھیں کہ آیا وہ عام سانس لے رہا ہے یا نہیں؛ اگر سانس نہیں آ رہی یا ہانپ رہا ہے تو یہ کارڈیک اریسٹ کی علامت ہے۔ دوسرے منٹ میں فوری طور پر ایمبولینس بلائیں اور فون اسپیکر پر رکھ کر عملے کی ہدایات پر عمل کریں جبکہ دوسرا شخص فوراً سی پی آر شروع کر دے۔ تیسرے سے پانچویں منٹ کے دوران مریض کو سخت اور ہموار سطح پر لٹا کر بالغ شخص کے سینے کو ہر منٹ 100 سے 120 مرتبہ (5 سے 6 سینٹی میٹر گہرائی تک) دبائیں جب تک طبی عملہ نہ پہنچ جائے۔ یاد رکھیں کہ بے ہوش شخص کو ہرگز پانی، خوراک یا کوئی دوا نہ دیں اور نہ ہی زبردستی اٹھانے کی کوشش کریں۔ اس کے علاوہ گھر میں ایمرجنسی نمبرز درج رکھنا اور گھر والوں کو سی پی آر کی بنیادی تربیت دینا کسی بھی ہنگامی واقعے میں قیمتی جان بچانے کا بہترین ذریعہ ہے۔