پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے جرمنی میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے اوبر ایرینا میں ہاؤس فل کنسرٹ کے بعد خصوصی برلن بڈی بیئر کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
کنسرٹ کے بعد عاطف اسلم کو دیا جانے والا یہ اعزاز اور ان کی تصویر اوبر ایرینا کی خصوصی دیوار پر آویزاں کردی گئی ہے، جہاں عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کیٹی پیری، ریحانہ اور ٹومورو ایکس ٹوگیدر سمیت دیگر معروف شخصیات کی تصاویر بھی موجود ہیں۔
عاطف اسلم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے اوبر ایرینا میں اپنے اعزاز سے متعلق خصوصی دیوار بھی دکھائی۔ گلوکار کی اس کامیابی پر کئی معروف شخصیات نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
اوبر ایرینا میں نمایاں یا ہاؤس فل تقریبات میں شرکت کرنے والے فنکاروں اور کھلاڑیوں کو برلن بڈی بیئر پیش کرنے کی روایت بھی موجود ہے، جسے جرمن دارالحکومت کی ثقافتی شناخت سے جوڑا جاتا ہے۔
عاطف اسلم ان دنوں اپنے عالمی میوزک ٹور میں مصروف ہیں، جس کے تحت آنے والے دنوں میں فرانس اور متحدہ عرب امارات میں بھی ان کے کنسرٹس شیڈول ہیں۔
گلوکار نے رواں برس موسیقی کی دنیا میں واپسی کرتے ہوئے اپنے نئے میوزیکل منصوبے کا اعلان کیا تھا، جبکہ ان کا چوتھا اسٹوڈیو البم ''صبح آئے نہ'' 31 جولائی 2026 کو ریلیز ہوا۔
یہ 2008 میں ریلیز ہونے والے البم ''میری کہانی'' کے بعد عاطف اسلم کا پہلا مکمل اسٹوڈیو البم ہے۔
عاطف اسلم کی موسیقی کو دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر سنا جاتا ہے اور ان کے گانے متعدد ممالک میں مقبول ہیں، جو پاکستانی موسیقی کی عالمی رسائی کی بھی عکاسی کرتا ہے۔









