2

ایک دن کیلئے پولیس افسر بنی تو زیادتی کے مجرموں کو پھانسی چڑھا دوں گی: زارا نور عباس

اداکارہ زارا نور عباس سات سال بعد بڑے پردے پر واپسی کیلئے تیار ہیں، فلم ’شیروز‘ میں وہ ایک منفرد اور چیلنجنگ کردار ادا کررہی ہیں۔

فلم تین مختلف کہانیوں پر مشتمل ہے، جس کے ایک حصے ’گئیر اپ‘ میں زارا نور عباس بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ایسی افسر کا کردار نبھا رہی ہیں جن کی صلاحیتوں کو خاتون ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیا جاتا ہے۔

زارا نور عباس کے مطابق ان کے کردار کا نام بھی زارا ہے۔ کہانی میں انہیں ایک ایسے بم کو ناکارہ بنانا ہوتا ہے جس کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی صلاحیتیں بھی ثابت کرنا پڑتی ہیں۔

ایک دلچسپ سوال کے جواب میں اداکارہ نے کہا کہ اگر انہیں ایک دن کیلئے پولیس افسر بننے کا موقع ملا تو خواتین اور بچوں سے زیادتی کے مقدمات میں ملوث افراد کو سخت ترین سزا دلوانا چاہیں گی۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کسی معروف شخصیت کو گرفتار کرنا پڑے تو کس کو گرفتار کریں گی؟ زارا نور عباس نے مزاحیہ انداز میں اپنے شوہر اسد صدیقی کا نام لیا۔

تفتیشی کمرے میں کسی شخصیت کو بٹھانے کے سوال پر انہوں نے اداکار فہد مصطفیٰ کا نام لیا۔

فلم ’شیروز‘ 2 اکتوبر کو پاکستان بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ فلم کے دیگر حصوں میں اشنا شاہ اور کنزہ ہاشمی بھی مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گی۔