5

برطانیہ کے 3 بڑے ایئرپورٹس پر سائبر حملہ، 87 لاکھ مسافروں کا ڈیٹا متاثر

برطانیہ کے تین بڑے ایئرپورٹس سائبر حملے کا نشانہ بن گئے، جس کے نتیجے میں تقریباً 87 لاکھ صارفین کا ڈیٹا متاثر ہوا ہے جبکہ ہیکرز نے ڈیٹا کی واپسی کے بدلے تاوان کا مطالبہ بھی کیا۔

رپورٹ کے مطابق مانچسٹر، ایسٹ مڈلینڈز اور لندن اسٹینسٹڈ ایئرپورٹس کی مالک کمپنی مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ (MAG) نے تصدیق کی ہے کہ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر سائبر حملے کے دوران ہیکرز نے صارفین کی رابطے کی تفصیلات، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور پوسٹ کوڈز تک غیر مجاز رسائی حاصل کی۔

مانچسٹر ایئرپورٹس گروپ کے مطابق حملہ آوروں نے ڈیٹا واپس کرنے کے لیے تاوان مانگا تھا تاہم کمپنی نے رقم ادا کرنے سے انکار کردیا۔ ہیکرز کی جانب سے طلب کی گئی تاوان کی رقم ظاہر نہیں کی گئی۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ سائبر حملے سے مسافروں کی حفاظت یا ایوی ایشن سکیورٹی متاثر نہیں ہوئی۔ جس سسٹم کو نشانہ بنایا گیا اس میں صارفین کے بینک اکاؤنٹس یا ادائیگی سے متعلق معلومات موجود نہیں تھیں۔

رپورٹ کے مطابق متاثر ہونے والے 87 لاکھ صارفین کے ڈیٹا کا بڑا حصہ ان ای میل ایڈریسز پر مشتمل ہے جو مسافروں نے ایئرپورٹ ٹرمینلز پر مفت وائی فائی استعمال کرنے کے لیے رجسٹر کیے تھے۔

متاثرہ ایئرپورٹس کی جانب سے سائبر حملے کے اثرات کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارے واقعے کی تحقیقات میں مصروف ہیں۔

حکام کے مطابق سائبر حملے کے باوجود ایئرپورٹس کی مسافروں کے لیے بنیادی خدمات اور سکیورٹی انتظامات جاری رہے اور کسی بھی مرحلے پر فضائی سفر کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔