4

یوٹیوب پریمیئم کی فیس میں 15 فیصد تک اضافہ، نئی قیمتوں کا اطلاق 23 ستمبر سے ہوگا

لاہور: یوٹیوب پر اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھنے کے خواہشمند صارفین کے لیے ماہانہ اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے، جہاں گوگل نے یورپ کے متعدد ممالک اور سنگاپور میں یوٹیوب پریمیئم کے مختلف منصوبوں کی فیس میں 10 سے 15 فیصد تک کے اضافے کی تصدیق کر دی ہے۔ جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد واجب الادا ہو گی، ان سے نئی شرح کے مطابق رقم وصول کی جائے گی۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق بعض یورپی ممالک میں انفرادی پلان کی ماہانہ قیمت 13.99 یورو سے بڑھا کر 15.99 یورو جبکہ فن لینڈ میں 16.99 یورو کر دی گئی ہے، اور رومانیہ میں فیس 32 رومانی لیو مقرر کی گئی ہے۔ سنگاپور میں انفرادی سبسکرپشن 15.98 جبکہ فیملی پلان 31.98 سنگاپوری ڈالر تک پہنچ گیا ہے۔ گوگل کی جانب سے دنیا بھر میں قیمتوں پر نظرثانی کا یہ عمل مرحلہ وار جاری ہے، جس کے تحت اس سے قبل امریکا میں بھی سروسز کی ماہانہ شرح میں 4 ڈالر تک کا اضافہ کیا جا چکا ہے۔