9

پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد تنہائی سے دل بھر گیا تھا، اسی لیے دوسری شادی کی: سینئر اداکار شاہنواز زیدی

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف و سینئر اداکار شاہنواز زیدی نے انکشاف کیا ہے کہ پہلی اہلیہ کے انتقال کے بعد ان کی زندگی شدید ویرانی اور بے کیفی کا شکار ہو گئی تھی، جس کے بعد انہوں نے تنہائی ختم کرنے کے لیے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔

حال ہی میں ایک ٹی وی شو میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر اداکار نے اپنی نجی زندگی کے تلخ اور مشکل دور پر کھل کر بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ماضی میں دوسری شادی کے سخت خلاف تھے اور اس خیال پر ہنس دیا کرتے تھے، تاہم پہلی شریکِ حیات کی وفات کے بعد وہ ذہنی طور پر سخت انتشار کا شکار ہو گئے۔ وہ ہر وقت غائب دماغ رہنے لگے اور اردگرد کی دنیا و روزمرہ مصروفیات سے ان کی دلچسپی یکسر ختم ہو گئی تھی۔

شاہنواز زیدی نے مزید کہا کہ جب انہیں شدت سے یہ محسوس ہوا کہ وہ ذہنی و جسمانی طور پر خود کو موجودہ لمحے میں نہیں پا رہے، تب جا کر انہوں نے شدید تنہائی پر قابو پانے کے لیے دوسری شادی کا باقاعدہ ارادہ کیا۔