ایپل کی جانب سے نئی آئی فون 18 پرو سیریز رواں سال ستمبر میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم نئی ڈیوائسز گزشتہ ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہوسکتی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل کی جانب سے آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نئے فلیگ شپ آئی فونز کی قیمت گزشتہ سال متعارف کرائے گئے پرو ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ ہوسکتی ہے۔ ممکنہ طور پر قیمت میں 100 ڈالر تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
اگر قیمت میں 100 ڈالر کا اضافہ کیا گیا تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر سے بڑھ کر 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ریم اور دیگر اہم چپس سمیت مختلف پرزہ جات کی بڑھتی ہوئی لاگت ہے، جس کا اضافی بوجھ صارفین کو منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔
ایپل نے گزشتہ سال آئی فون 17 سیریز متعارف کراتے وقت قیمتوں میں نمایاں اضافہ نہیں کیا تھا، تاہم اس بار کمپنی کی جانب سے دیگر ٹیکنالوجی کمپنیوں کی قیمت بڑھانے کی حکمت عملی کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے۔
دوسری جانب آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ رواں سال اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون 18 ایئر متعارف نہ کرائے جانے کا امکان ہے۔ مختلف لیکس کے مطابق ان دونوں ماڈلز کو 2027 کے آغاز میں پیش کیا جاسکتا ہے۔
تاہم ایپل کی جانب سے نئی ڈیوائسز کی حتمی قیمتوں اور لانچ کی تاریخ کا باضابطہ اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔








