2

بچوں کی پرائیویسی خلاف ورزی کیس: ٹک ٹاک اور امریکی محکمہ انصاف کے درمیان 40 کروڑ ڈالر کا تاریخی تصفیہ

مختصر ویڈیوز کے مقبول ترین سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک اور اس کی بنیادی کمپنی بائٹ ڈانس نے بچوں کے آن لائن ڈیٹا کی پرائیویسی سے متعلق قانونی تنازع ختم کرنے کے لیے امریکی محکمۂ انصاف کے ساتھ 40 کروڑ ڈالر کے تصفیے پر اتفاق کر لیا ہے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق، امریکی محکمہ انصاف نے اگست 2024 میں ٹک ٹاک اور بائٹ ڈانس کے خلاف باقاعدہ مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں مؤقف اپنایا گیا تھا کہ پلیٹ فارم نے 13 سال سے کم عمر بچوں کی ذاتی معلومات والدین کی پیشگی اجازت کے بغیر جمع کیں اور انہیں استعمال کیا۔ امریکی قانون ’چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ‘  کے تحت کم عمر صارفین کے ڈیٹا کا تحفظ اور والدین کی رضامندی لازم ہے، جس پر عمل درآمد میں ٹک ٹاک ناکام رہا۔

معاہدے کی شرائط کے تحت ٹک ٹاک ابتدائی طور پر 30 کروڑ ڈالر فوری ادا کرے گا، جبکہ بقیہ 10 کروڑ ڈالر کی ادائیگی اس وقت کی جائے گی جب عدالت ٹک ٹاک کے سابقہ پلیٹ فارم ’میوزکلی‘ (Musical.ly) سے جڑے 2019 کے پرانے عدالتی حکم نامے کو باضابطہ طور پر ختم کرے گی۔ واضح رہے کہ 2019 میں بھی میوزکلی پر بچوں کی رازداری قوانین کی خلاف ورزی کے الزام میں 57 لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔