1

فریال گوہر کا اپنی سچی محبت سے متعلق انکشاف: 'یاسر عرفات کی جان بچاتے ہوئے منگیتر شادی سے 2 ہفتے قبل جاں بحق ہو گئے تھے'

کراچی: معروف پاکستانی اداکارہ اور مصنفہ فریال گوہر نے اپنی نجی زندگی سے جڑے ایک افسوسناک اور جذباتی واقعے سے پردہ اٹھاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کے منگیتر، جو فلسطینی رہنما یاسر عرفات کے پائلٹ تھے، شادی سے محض دو ہفتے قبل ایک فضائی حادثے میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فریال گوہر نے بتایا کہ ان کے فلسطینی منگیتر پرواز کے دوران ریت کے شدید طوفان اور ایندھن کی کمی کے بحران میں پھنس گئے تھے۔ اس ہنگامی صورتحال میں انہوں نے فلسطینی رہنما یاسر عرفات کو طیارے کے باتھ روم میں محفوظ کر کے دروازہ بند کر دیا اور جہاز کو خطرناک لینڈنگ کی جانب موڑ دیا، جس کے نتیجے میں یاسر عرفات محفوظ رہے مگر وہ خود شدید زخمی ہونے کے بعد اسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

اداکارہ کے مطابق انتقال سے قبل ان کے منگیتر نے شادی کی تاریخ کندہ وہ لاکٹ، جو فریال نے انہیں تحفے میں دیا تھا، ایک پاکستانی ڈاکٹر کے حوالے کرتے ہوئے ان تک پہنچانے کی وصیت کی۔ اداکارہ نے بتایا کہ برسوں بعد اس ڈاکٹر نے ان سے رابطہ کر کے وہ یادگار لاکٹ ان کے حوالے کیا، جسے وہ آج تک اپنی زندگی کا سب سے انمٹ اور دردناک لمحہ سمجھتی ہیں۔