3

روزانہ میٹھے مشروبات کا استعمال معدے کے کینسر کا خطرہ دوگنا کر دیتا ہے، نئی طبی تحقیق

واشنگٹن: امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ روزانہ صرف ایک میٹھے مشروب یا سافٹ ڈرنک کا استعمال معدے کے کینسر کے خطرے کو دوگنا سے زیادہ بڑھا دیتا ہے۔ یہ مرض سرطان کی پانچویں سب سے عام قسم ہے جبکہ اموات کے اعتبار سے دنیا بھر میں تیسرے نمبر پر ہے۔

ماس جنرل بریگھم کینسر انسٹیٹیوٹ کی جانب سے کیے گئے مطالعے میں ایک لاکھ 12 ہزار سے زائد افراد کی غذائی عادات اور طبی تاریخ کا کئی دہائیوں تک جائزہ لیا گیا۔ جریدے 'گیسٹرو ہیپ ایڈوانسز' میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کے مطابق، سافٹ ڈرنکس اور میٹھے مشروبات کا باقاعدہ استعمال بالخصوص 50 سال سے کم عمر نوجوانوں میں اس موذی مرض کے پھیلاؤ کا بڑا سبب بن رہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تمباکو نوشی، موٹاپے اور معدے کے ورم کے علاوہ ہماری روزمرہ خوراک بھی کینسر کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ تحقیق کاروں نے نتائج کی مزید توثیق کے لیے وسیع تر تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔