عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار عاطف اسلم نے کہا ہے کہ انہیں اپنے بھارتی مداحوں کی بہت یاد آتی ہے، تاہم بھارت میں پاکستانی فنکاروں پر لگنے والی پابندی نے انہیں اپنا ذاتی اور آزادانہ میوزک بنانے کی راہ دکھائی۔
ایک حالیہ انٹرویو کے دوران بالی ووڈ کی خوشگوار یادوں اور ماضی کے قصوں پر گفتگو کرتے ہوئے عاطف اسلم نے اپنے ایک نئے عالمی پروجیکٹ 'بارڈر لیس میوزک' (Borderless Music) کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت وہ سینئرز، جونیئرز، لیجنڈز، نو آموز فنکاروں، موسیقاروں اور نغمہ نگاروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی مداحوں کے لیے بہت سا نیا میوزک منظرِ عام پر آئے گا۔
ایک سوال کے جواب میں عاطف اسلم نے اپنے بھارتی مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ "پابندی کی وجہ سے اداس یا برا محسوس نہ کریں، میں آپ تمام لوگوں کو ہمیشہ یاد کرتا ہوں۔" انہوں نے مزید وضاحت کی کہ انہیں بالی ووڈ میں کام کرنا تو یاد نہیں آتا لیکن اپنے چاہنے والوں کی محبت ضرور یاد آتی ہے۔ پلے بیک سنگنگ نے انہیں بہت کچھ سکھایا، مگر اس پابندی کا مثبت پہلو یہ رہا کہ انہیں اپنے ذاتی اور تخلیقی میوزک پر توجہ دینے کا موقع ملا۔ انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ دینے اور مستقل حمایت پر اپنے تمام مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔









