لندن/کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اور سینئر اداکارہ شگفتہ اعجاز نے برطانیہ میں چھٹیوں کے دوران خطرناک ایڈونچر کر کے اپنے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کو ششدر کر دیا ہے۔
شگفتہ اعجاز ان دنوں ڈرامہ سیریل "بس تیرا ساتھ ہو" میں اپنی جاندار اداکاری کے باعث خبروں میں ہیں اور وہ ان دنوں اپنی بیٹی سے ملنے برطانیہ (ویلز) گئی ہوئی ہیں، جہاں وہ مختلف تفریحی مقامات اور خوبصورت جھیلوں کی سیر کر رہی ہیں۔ اسی دوران 55 سالہ اداکارہ نے ویلز کی بلند ترین زِپ لائن کا تجربہ کیا۔ زِپ لائن رائیڈ کے بعد اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا، "یہ کیا ہی شاندار اور حیران کن تجربہ تھا! میں نے اسے پہلے کیوں نہیں کیا؟ مجھے لگا جیسے میں کوئی عقاب ہوں اور فضا میں اڑ رہی ہوں، مجھے بہت مزہ آیا۔"
اداکارہ کی بیٹی نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ان کی والدہ زِپ لائن کرنے سے ڈر رہی تھیں اور انہوں نے انکار کر دیا تھا، تاہم ان کے بار بار اصرار اور حوصلہ افزائی پر وہ اس مہم جوئی کے لیے تیار ہوئیں۔ سوشل میڈیا پر شگفتہ اعجاز کے اس ایڈونچر کی ویڈیوز وائرل ہوتے ہی صارفین کی جانب سے ملے جلے لیکن زیادہ تر مثبت ردِعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں مداح ان کی عمر کے اس حصے میں بھی زندگی کو مکمل اور پُراعتماد انداز سے جینے کی صلاحیت اور ہمت کو خوب سراہ رہے ہیں۔









