کیلیفورنیا (نیوز ڈیسک) — دنیا کے سب سے زیادہ استعمال ہونے والے سرچ انجن 'گوگل' نے اپنے مرکزی ہوم پیج کے ڈیزائن میں ایک بظاہر چھوٹی مگر انتہائی اہم اور تاریخی تبدیلی کی آزمائش شروع کر دی ہے۔
'اینڈرائیڈ اتھارٹی' کی رپورٹ کے مطابق، گوگل کی جانب سے مسلسل آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز کو فروغ دیا جا رہا ہے، اور اسی سلسلے میں محدود صارفین کے لیے سرچ ہوم پیج کو ری ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس نئے ڈیزائن میں روایتی "Google Search" بٹن کو ہٹا کر اس کی جگہ تین نئے اے آئی شارٹ کٹس شامل کیے گئے ہیں:
کرئیٹ امیجز (Create Images): جس کی مدد سے صارفین نانو بنانا ماڈل کے ذریعے فوری تصاویر تیار کرا سکتے ہیں۔
آسک اباؤٹ فائلز (Ask About Files): جس سے مختلف فائلز اپ لوڈ کر کے ان کے مواد سے متعلق سوالات پوچھے جا سکتے ہیں۔
برین اسٹروم (Brainstorm): جس کا استعمال کسی بھی موضوع پر خیالات کی فراہمی اور تبادلہ خیال کے لیے کیا جا سکتا ہے۔
گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ محدود صارفین میں اس تبدیلی کی آزمائش کی جا رہی ہے اور اس سے بنیادی سرچنگ کے طریقہ کار پر کوئی منفی اثر نہیں پڑے گا۔ فی الحال یہ واضح نہیں ہے کہ اس نئے ڈیزائن کو تمام عالمی صارفین کے لیے کب تک باضابطہ طور پر متعارف کرایا جائے گا۔








