بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار پردیپ راوت انتقال کر گئے، ان کی عمر 74 برس تھی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کے منیجر نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پردیپ راوت کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیر علاج تھے۔
منیجر کے مطابق اداکار چند گھنٹے قبل زندگی کی بازی ہار گئے۔
پردیپ راوت نے 1985 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا اور کئی بھارتی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہیں خاص طور پر منفی کرداروں میں شاندار اداکاری پر شہرت حاصل ہوئی۔
انہوں نے بالی ووڈ کے کئی نامور اداکاروں کے ساتھ کام کیا، جن میں امیتابھ بچن، راج ببر اور ونود کھنہ سمیت دیگر شامل ہیں۔
پردیپ راوت نے عامر خان کے ساتھ فلم لگان اور غجنی میں بھی اہم کردار ادا کیے، جبکہ ہندی کے علاوہ دیگر زبانوں کی فلموں اور ڈراموں میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اداکار کے انتقال پر فلمی حلقوں میں افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں نے ان کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔









