4

ایپل نے نیا اپ گریڈ پلان لانچ کر دیا، صارفین کے لیے بڑی سہولت

کیلیفورنیا: ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے صارفین کے لیے نئی فنانسنگ سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت اب آئی فون سمیت مختلف ایپل ڈیوائسز ماہانہ آسان اقساط پر حاصل کی جا سکیں گی۔

کمپنی نے سابقہ آئی فون اپ گریڈ پروگرام اور آئی فون پیمنٹ پلان کی جگہ نیا ایپل اپ گریڈ پلان متعارف کرایا ہے، جس کا مقصد صارفین کے لیے جدید ڈیوائسز تک رسائی کو مزید آسان بنانا ہے۔

ایپل کے مطابق یہ پروگرام مالیاتی خدمات فراہم کرنے والی کمپنی Klarna کے تعاون سے شروع کیا گیا ہے۔ صارفین ایپل کی آفیشل ویب سائٹ، ایپل اسٹور ایپ یا کمپنی کے ریٹیل اسٹورز کے ذریعے اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

درخواست دینے کے بعد Klarna صارف کی اہلیت جانچنے کے لیے سافٹ کریڈٹ چیک کرے گی، جس سے صارف کے کریڈٹ اسکور پر اثر نہیں پڑے گا۔

نئے منصوبے کے تحت بیشتر نئے آئی فون، میک، آئی پیڈ اور ایپل واچ ماڈلز لیز پر دستیاب ہوں گے، تاہم کچھ مخصوص مصنوعات اس پروگرام میں شامل نہیں کی گئیں، جن میں آئی فون 16، آئی فون 16 پلس، ایپل واچ ایس ای، میک بک نیو، اے16 بیس ماڈل آئی پیڈ اور اسٹوڈیو ڈسپلے شامل ہیں۔

نئے پلان میں ایک اہم تبدیلی یہ بھی کی گئی ہے کہ AppleCare+ اب ماہانہ قسط میں شامل نہیں ہوگا۔ صارفین اگر اضافی تحفظ حاصل کرنا چاہیں تو انہیں یہ سہولت الگ سے خریدنا ہوگی۔

ایپل کارڈ کے ذریعے اقساط ادا کرنے والے صارفین کو روزانہ کی بنیاد پر 3 فیصد کیش بیک بھی دیا جائے گا۔

کمپنی کے مطابق مختلف ڈیوائسز کے لیے الگ الگ لیز مدت اور ماہانہ اقساط مقرر کی گئی ہیں۔ آئی فون کے لیے 12 یا 24 ماہ کا پلان دستیاب ہوگا، جس کی ماہانہ قسط 17.99 ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔

ایپل واچ 11.99 ڈالر ماہانہ، میک کمپیوٹرز 24.99 ڈالر ماہانہ، جبکہ آئی پیڈ 11.99 ڈالر ماہانہ کی ابتدائی قسط پر حاصل کیے جا سکیں گے۔

لیز مدت مکمل ہونے کے بعد صارفین کے پاس تین اختیارات ہوں گے: وہ اپنی موجودہ ڈیوائس واپس کر کے نیا ماڈل حاصل کر سکتے ہیں، باقی رقم ادا کرکے ڈیوائس مستقل طور پر خرید سکتے ہیں، یا منصوبہ ختم کر سکتے ہیں۔

ایپل کا کہنا ہے کہ اس نئی سہولت کا مقصد صارفین کو جدید ٹیکنالوجی تک آسان اور لچکدار رسائی فراہم کرنا ہے۔