پاکستان کے سینئر اداکار اور ممتاز مصنف سید محمد احمد کی جانب سے ایک جونیئر اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق انکشاف کے بعد شوبز انڈسٹری میں اس معاملے پر بحث چھڑ گئی ہے، جبکہ متعدد فنکاروں نے ان سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے متعلقہ اداکار سے معذرت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں سید محمد احمد نے کسی کا نام لیے بغیر بتایا کہ ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران عمر میں ان سے خاصے کم ایک اداکار نے بار بار ان کا مذاق اڑایا اور دیگر افراد کے سامنے طنزیہ جملے کہے۔
ان کے مطابق معاملہ صرف مذاق تک محدود نہیں رہا بلکہ مذکورہ اداکار نے ان کی اداکاری اور انداز پر بھی تنقید کی، جبکہ ایک موقع پر شوٹنگ کے دوران ان کے ہیئر اسٹائل کا مذاق بھی بنایا۔
سید محمد احمد نے بتایا کہ وہ اس رویے کا جواب دے سکتے تھے، تاہم انہوں نے شوٹنگ کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے خاموشی اختیار کی۔ ان کا کہنا تھا کہ گھر واپس آنے کے بعد یہ واقعہ انہیں مسلسل پریشان کرتا رہا۔
انہوں نے کہا کہ پروڈیوسرز، ہدایت کار اور یونٹ کے دیگر ارکان کا رویہ احترام پر مبنی تھا، اسی لیے وہ ایک فرد کے رویے کی وجہ سے پورے منصوبے کا ماحول متاثر نہیں کرنا چاہتے تھے۔
واقعہ سامنے آنے کے بعد اداکار و ہدایت کار شمون عباسی نے سید محمد احمد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر متعلقہ اداکار کو اپنی غلطی کا احساس ہے تو اسے اپنی شناخت سامنے آنے سے پہلے خود معافی مانگ لینی چاہیے۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی اس واقعے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس اداکار کا نام جاننا چاہتے ہیں، جبکہ سید جبران نے بھی کہا کہ محمد احمد جیسے باوقار فنکار کو اس طرح کی صورتحال کا سامنا نہیں کرنا چاہیے تھا اور متعلقہ اداکار کو خود آگے بڑھ کر معذرت کرنی چاہیے۔
دوسری جانب سید محمد احمد نے سوشل میڈیا پر اپنے ساتھی فنکاروں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ملنے والی محبت، حمایت اور حوصلہ افزائی ان کے لیے بہت قیمتی ہے، اور وہ اسی احترام کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہتے ہیں۔









