دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم 'یوٹیوب' نے پاکستان میں یوٹیوب تخلیق کاروں کی عالمی رسائی اور کارکردگی کے حوالے سے ایک بریک تھرو رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ میں پاکستان کو دنیا کی سب سے متحرک اور تیزی سے ابھرتی ہوئی یوٹیوب تخلیقی برادریوں میں سے ایک قرار دیا گیا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے جاری کردہ ڈیٹا کے مطابق پاکستان میں مواد تخلیق کرنے والوں نے سبسکرائبرز کے حوالے سے اہم سنگ میل عبور کیے ہیں
دس ہزار سے زائد سبسکرائبرز: پاکستان میں 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد یوٹیوب چینلز 10 ہزار سبسکرائبرز کا ہدف پار کر چکے ہیں۔
ایک لاکھ سے زائد سبسکرائبرز: تقریباً 19 ہزار سے زیادہ چینلز کے سبسکرائبرز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
دس لاکھ (1 ملین) سے زائد سبسکرائبرز: ملک بھر میں 12 سو سے زائد چینلز 10 لاکھ سے زائد سبسکرائبرز کا گولڈ بٹن والا سنگِ میل حاصل کر چکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران پاکستانی کری ایٹرز نے یوٹیوب پر 2 کروڑ گھنٹوں سے زائد کا مواد اپ لوڈ کیا۔
اس پیش رفت کا سب سے نمایاں پہلو پاکستانی کری ایٹرز کی عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی مقبولیت ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستانی یوٹیوب ویڈیوز کے مجموعی واچ ٹائم کا 60 فیصد حصہ پاکستان سے باہر موجود بین الاقوامی ناظرین سے حاصل ہوتا ہے۔
پاکستانی فنکار، ولاگرز اور تکنیکی ماہرین جنوبی ایشیا، مشرقِ وسطیٰ، یورپ اور شمالی امریکہ تک اپنی انفرادیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی مواد کا معیار، سچائی اور تنوع دنیا بھر کی اسکرینوں اور ناظرین کے دلوں میں اپنی خاص جگہ بنا رہا ہے، جس سے پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کو بھی زبردست تقویت مل رہی ہے۔








