1

آئی فون 18 کب لانچ ہوگا؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں

ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اپنے نئے آئی فون ماڈلز کی لانچ حکمت عملی میں تبدیلی کر دی ہے، جس کے تحت اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کی ریلیز 2027 تک مؤخر ہونے کا امکان ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل ستمبر 2026 میں صرف آئی فون 18 پرو، آئی فون 18 پرو میکس اور کمپنی کا پہلا فولڈیبل آئی فون متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے، جبکہ اسٹینڈرڈ آئی فون 18 کو 2027 میں مارچ سے جون کے درمیان پیش کیا جا سکتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لانچ میں تاخیر سپلائی چین کے مسائل کے باعث نہیں بلکہ ایپل کی نئی منصوبہ بندی کا حصہ ہے، جس کے تحت کمپنی اپنے مختلف ماڈلز کی ریلیز کو مرحلہ وار تقسیم کرنا چاہتی ہے۔

سپلائی چین تجزیہ کار منگ چی کوؤ کے مطابق آئی فون 18 اور آئی فون 18 ای مارچ 2027 میں متعارف کرائے جا سکتے ہیں، جن میں 9 جی بی ریم جبکہ پرو ماڈلز میں 12 جی بی ریم دیے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جبکہ ایپل کے پہلے فولڈیبل آئی فون کی قیمت 2000 ڈالر سے زیادہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اگر یہ رپورٹس درست ثابت ہوئیں تو ستمبر 2026 میں نیا آئی فون خریدنے والے صارفین کے لیے کم قیمت والے اسٹینڈرڈ اور بجٹ ماڈلز فوری دستیاب نہیں ہوں گے اور انہیں 2027 تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔