بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رام چرن نے دائیں کلائی کی سرجری کرا لی ہے، جسے وہ فلم ’پیڈی‘ کی شوٹنگ اور تشہیری سرگرمیوں کے باعث کئی ماہ سے مؤخر کر رہے تھے۔
اداکار کا آپریشن تامل ناڈو کے شہر کوئمبٹور کے گنگا اسپتال میں کیا گیا، جہاں ہڈیوں اور جوڑوں کے علاج کے حوالے سے خصوصی شہرت رکھتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق رام چرن کی کلائی فلم ’پیڈی‘ کی شوٹنگ کے دوران زخمی ہوئی تھی، تاہم انہوں نے علاج کے بجائے پہلے فلم کی شوٹنگ مکمل کرنے اور بعد ازاں تشہیری مہم میں حصہ لینے کو ترجیح دی۔
فلم کی ریلیز کے بعد اداکار نے سرجری کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ مکمل صحتیابی کے بعد اپنے آئندہ منصوبوں پر توجہ مرکوز کر سکیں۔
سرجری کے دوران رام چرن کے اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ موجود رہے۔ ان کے والد سپر اسٹار چرنجیوی، والدہ سوریکھا اور اہلیہ اپاسنا کونڈیلا نے اسپتال میں ان کی حوصلہ افزائی کی۔
رام چرن کی ٹیم کے مطابق آپریشن کامیاب رہا ہے اور ڈاکٹرز ان کی حالت سے مطمئن ہیں۔ اب اداکار بحالی کے مرحلے سے گزریں گے، جس کے بعد وہ دوبارہ فلمی سرگرمیوں کا آغاز کریں گے۔
واضح رہے کہ فلم ’پیڈی‘ کی شوٹنگ کے دوران رام چرن کی کلائی کے علاوہ چہرے پر بھی معمولی چوٹ آئی تھی، تاہم ان کی ٹیم نے اس حوالے سے پھیلنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے صورتحال کو معمولی قرار دیا تھا۔









