بین اسٹوکس کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کے بعد انگلینڈ ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق تجربہ کار اسٹار بلے باز جو روٹ کو ایک مرتبہ پھر ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا جا سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اگر قیادت میں تبدیلی عمل میں آتی ہے تو جو روٹ پاکستان کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز سے بطور کپتان ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ وہ کم از کم اگلے سال ہونے والی ایشز سیریز تک ٹیم کی قیادت برقرار رکھ سکتے ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں بھی اہم تبدیلی متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق کرکٹر مارکس ٹریسکوتھک کو عبوری ہیڈ کوچ مقرر کیے جانے کا امکان ہے اور وہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں یہ ذمہ داریاں نبھا سکتے ہیں۔
تاہم انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے تاحال کپتانی یا ہیڈ کوچ کی تقرری کے حوالے سے کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔









