1

کراچی کے ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کیسز میں اضافہ، تعداد 95 تک پہنچ گئی

ولیکا اسپتال میں ایچ آئی وی کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، جہاں مزید ایک بچے میں وائرس کی تصدیق کے بعد متاثرہ بچوں کی تعداد 95 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ کیس 18 ماہ کے بچے عبدالصمد کا ہے، جس کے والد نے بتایا کہ بچہ دسمبر 2025 میں ولیکا اسپتال میں زیر علاج رہا تھا۔ چند ماہ بعد بچے کی طبیعت مسلسل خراب رہنے لگی، جس پر ایچ آئی وی ٹیسٹ کرایا گیا تو رپورٹ مثبت آگئی۔

بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے پانچ بچے ہیں اور وہ احتیاطاً دیگر بچوں کے بھی ٹیسٹ کروائیں گے تاکہ صورتحال واضح ہو سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ولیکا اسپتال کے قریبی علاقوں میں ایچ آئی وی سے متاثرہ 9 بچے جان کی بازی ہار چکے ہیں، جبکہ اب تک 95 بچوں میں ایچ آئی وی کی تصدیق ہو چکی ہے۔

متعلقہ حکام کی جانب سے کیسز کی وجوہات، متاثرہ بچوں کے علاج اور وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔