2

موبائل صارفین کیلئے بری خبر، کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

اسلام آباد: موبائل صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، موبائل کمپنیوں نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی منظوری کے بعد کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے۔

نئے نرخوں کے مطابق موبائل پیکجز کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر تقریباً 19 سے 33 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مختلف ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز اب پہلے کے مقابلے میں 500 روپے تک مہنگے ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق 15 روزہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 300 روپے تک اضافہ کیا گیا، جبکہ ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز 130 روپے تک مہنگے کر دیے گئے ہیں۔

اسی طرح تین روزہ موبائل پیکجز میں 21 روپے تک، دو روزہ پیکجز میں 20 روپے تک اور ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔

پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر 15 ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی نئی ٹیرف شیٹس جاری کر دی گئی ہیں، جن میں موبائل کمپنیوں کے موجودہ پیکجز کی قیمتیں، مدت، سہ ماہی نرخ اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی تفصیلات شامل ہیں۔

نئے نرخوں کے اطلاق کے بعد موبائل صارفین کو کال اور انٹرنیٹ سروسز کے حصول کے لیے پہلے کے مقابلے میں زیادہ رقم ادا کرنا ہوگی۔