6

سلمان خان اپنا زیادہ تر وقت کہاں گزارتے ہیں؟ ہنوئی کا دلچسپ انکشاف

بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کے بہنوئی اور اداکار آیوش شرما نے سلمان خان کی نجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ اداکار شہر کی مصروف زندگی سے دور اپنا زیادہ تر وقت ممبئی کے قریب واقع پنویل فارم ہاؤس میں گزارنا پسند کرتے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں آیوش شرما نے کہا کہ سلمان خان کی زندگی مسلسل عوامی توجہ اور میڈیا کی نظروں میں گزرتی ہے، اسی لیے جب بھی انہیں فرصت ملتی ہے وہ سکون اور تنہائی کی تلاش میں پنویل فارم ہاؤس کا رخ کرتے ہیں۔

آیوش شرما کے مطابق فارم ہاؤس کا پُرسکون ماحول سلمان خان کو بے حد پسند ہے، جہاں وہ فطرت کے قریب رہتے ہوئے اپنی مصروفیات سے وقفہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہاں کا ماحول اتنا خوشگوار ہوتا ہے کہ جانے والا شخص جلد واپس آنے کا ارادہ بھی نہیں کرتا۔

اداکار نے خاندان میں ہونے والے ایک دلچسپ مذاق کا بھی ذکر کیا۔ ان کے بقول جب بھی سلمان خان کی جانب سے فارم ہاؤس آنے کی دعوت ملتی ہے تو گھر کے افراد خوشی سے کہتے ہیں، "چلو فارم چلتے ہیں"۔

آیوش شرما نے مسکراتے ہوئے کہا کہ فارم ہاؤس تک پہنچنا تو ہر کسی کی مرضی ہوتی ہے، لیکن وہاں سے کب واپس آنا ہے، اس کا فیصلہ اکثر سلمان خان ہی کرتے ہیں۔ خاندان اور قریبی دوستوں میں یہ بات مزاحیہ انداز میں دہرائی جاتی ہے، جس نے سلمان خان کے فارم ہاؤس کو مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

یہ انکشاف ایسے وقت سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں سلمان خان کی صحت سے متعلق مختلف افواہیں گردش کر رہی تھیں، تاہم اداکار نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ کے ذریعے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کردیا تھا۔